ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمار وشواس کا سنسنی خیز الزام کجریوال نے کہا تھا:”میں پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنوں گا یا خالصتان کا وزیر اعظم“

کمار وشواس کا سنسنی خیز الزام کجریوال نے کہا تھا:”میں پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنوں گا یا خالصتان کا وزیر اعظم“

Thu, 17 Feb 2022 11:11:13    S.O. News Service

نئی دہلی، 17؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب اسمبلی انتخابات کے تحت20 فروری کو پولنگ ہونے جا رہی ہے اور اس سے قبل سیاست اپنے عروج پر ہے- سیاسی لیڈروں کی الزام تراشیوں کے درمیان عام آدمی پارٹی کے سابق لیڈر اور شاعر کمار وشواس نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں -کمار وشواس نے کہا کہ اروند کجریوال پنجاب میں علاحدگی پسندوں کے حامی تھے- وشواس نے کہاکہ ایک دن انہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ یا تو وزیراعلیٰ(پنجاب)بنیں گے یا ایک آزاد ملک(خالصتان)کے پہلے وزیراعظم ہوں گے-کمار وشواس نے کہاکہ اروند کجریوال کو سمجھنا چاہیے کہ پنجاب صرف ایک ریاست نہیں ہے، یہ ایک احساس ہے- میں نے پہلے ان سے کہا تھا کہ وہ علاحدگی پسند اور خالصتانی تنظیموں سے وابستہ لوگوں کو پارٹی میں شامل نا کریں - تو کجریوال نے مجھ سے کہا کہ نہیں نہیں ہو جائے گا!کمار وشواس نے کہا گزشتہ انتخابات کے دوران میں نے ان سے کہا تھا کہ وہ علاحدگی پسند تنظیمیں، خالصتانی موومنٹ سے وابستہ لوگ ہیں، ان کا ساتھ مت لیں، اس وقت انہوں نے کہاکہ نہیں نہیں ہو جائے گا تم فکر نہ کرو-کمار وشواس نے دعویٰ کیاکہ ایک دن انہوں نے مجھ سے کہا کہ تو فکر مت کر،میں ایک آزاد صوبہ کا وزیر بنوں گا- میں نے کہا کہ یہ علاحدگی پسند تحریک ہے-2020کی مردم شماری آ رہی ہے، پوری دنیا فنڈنگ کر رہی ہے- تو کہا کہ تو کیا ہوا!میں ایک آزاد ملک کا پہلا وزیراعظم بنوں گا- اس آدمی کی سوچ میں اتنی تخریب ہے، بس کسی طرح اقتدار حاصل ہو جائے! اس سے قبل کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی کجریوال پر ایسے ہی الزامات عائد کئے تھے- پنجاب میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا تھاکہ پنجاب کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، میں چاہتا ہوں کہ آپ یاد رکھیں کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے، آپ کو کسی دہشت گرد کے گھر میں کانگریس کا لیڈر نہیں ملے گا، بلکہ جھاڑو والا سب سے بڑا لیڈر(اروند کجریوال)وہاں ملتا ہے- پنجاب کے سامنے خطرہ ہے- جس کیلئے چرنجیت چنی جیسے مضبوط وزیر اعلیٰ کی ضرورت ہے-

قابل ذکر ہے کہ شاعر کمار وشواس اور اروند کجریوال2012میں بدعنوانی کے خلاف انا تحریک کے دوران قریب آئے تھے- انا تحریک کے خاتمے کے بعد جب عام آدمی پارٹی بنی تو کمار وشواس بھی بانی ارکان میں سے ایک تھے- پارٹی کی تشکیل کے بعد کجریوال اور کمار وشواس کی دوستی پروان چڑھی-

تاہم دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد کمار وشواس اور اروند کجریوال کے درمیان تعلقات خراب ہونے لگے-صرف اتنا ہی نہیں کچھ عرصے بعد کمار وشواس نے خود کو عام آدمی پارٹی سے مکمل طور پر علاحدہ کر لیا- کجریوال سے اختلافات کی وجہ سے عآپ سے خود کو دور کرنے والے کمار وشواس پچھلے کئی سالوں سے عام آدمی پارٹی حکومت کی کئی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں -


Share: